عراق (اصل میڈیا ڈیسک) کل بدھ کے روز عراقی آرمی وار انفارمیشن سیل نے بتایا کہ عراق کے صوبہ بابل میں امریکی فوج اور اتحادی فوج کے ایک فوجی قافلے پر حملہ آوروں نے بم سے حملہ کیا ہے تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
وار میڈیا سیل نے تصدیق کی ہے کہ الحولی شاہراہ پر بابل کی طرف سڑک کے کنارے ایک بم اس وقت پھٹ گیا جب امریکا اور بین الاقوامی اتحادی فوج کا ایک لاجسٹک سپورٹ قافلہ وہاں سے گذر رہا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کونقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عراقی ٹیلی ویژن کی خبر کے مطابق پیر کے روز عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے گرین زون پر ہونے والے بم دھماکے کو بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے عہدیداروں کو گرفتار کرکے جیل میں بھیجا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں دو طبقوں کے ملازمین کی تنخواہوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔