بغداد(جیوڈیسک)عراق میں مسلح گروپ نے مارکیٹ پر حملہ کرکے 12 افراد کو ہلاک جبکہ 3 کو زخمی کر دیا۔عراق میں نامعلوم مسلح گروپ کے حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ شمالی بغداد کے علاقے زابونہ کی ایک پرہجوم مارکیٹ میں صبح کے وقت مسلح افراد کا ایک گروپ داخل ہوا۔
اچانک فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں خریدوفروخت میں مصروف کم از کم 12 افراد ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بغیر آواز والا اسلحہ استعمال کیا۔ حملہ آوروں کا ٹارگٹ ایک سٹور تھا جس پر اس سے قبل بھی حملہ کیا جا چکا ہے۔ کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔