عراق: بغداد میں امریکی سفارت خانے پر ایک اور راکٹ حملہ

 Baghdad Rocket Attack

Baghdad Rocket Attack

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون میں واقع امریکی سفارت خانے پر سوموار کو ایک اور راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

عراق کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق امریکی سفارت خانے کی جانب تین راکٹ داغے گئے تھے۔ان میں سے ایک سفارت خانے کے احاطے میں گرا ہے اور دو نزدیک واقع شہری آبادی پر گرے ہیں۔

فوری طور پر اس راکٹ حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔عراق میں امریکا اور اس کے اتحادی مغربی ممالک کی فوجی اور سفارتی تنصیبات پر گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں یہ تیسرا حملہ ہے۔

ہفتے کی شب بغداد سے 80 کلومیٹرشمال میں واقع شہر بلد میں امریکا کے ایک فوجی اڈے پرکاتیوشا راکٹ داغے گئے تھے۔اس اڈے پر امریکی اہلکار اور کنٹریکٹر رہتے ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ سوموار کو عراق کے خود مختار شمالی علاقے کردستان کے علاقائی دارالحکومت اربیل میں امریکی فوج کے بیس پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک کنٹریکٹر ہلاک اور ایک امریکی فوجی سمیت نوافراد زخمی ہوگئے تھے۔

امریکی اتحاد کے مطابق اربیل کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر واقع فوجی اڈے پر 14 راکٹ داغے گئے تھے۔ان میں تین اسی بیس پر گرے تھے۔ تاہم اس راکٹ حملے میں مارا گیا سویلین کنٹریکٹر امریکی شہری نہیں تھا۔

بلد میں امریکی بیس پرمذکورہ راکٹ حملے سے چندے قبل معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو نے عراق میں اپنے مشن میں ڈرامائی طور پر توسیع کا اعلان کیا تھا اور کہا تھاکہ عراق میں سخت گیرجنگجو گروپ داعش کی باقیات سے لڑنے کے لیے نیٹو فوجیوں کی تعداد پانچ سو سے بڑھا کر چارہزار کی جارہی ہے۔