بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش کاربم دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے فلوجہ میں فضائی کارروائی میں 39 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی حکام کاکہنا ہے کہ واقعہ بغداد سے 95 کلومیٹر دور جنوب میں شیعہ اکثریتی شہر ہلہ میں پیش آیا جہاں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں 4 پولیس اہلکار اور 7 شہری شامل ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں اردگرد کھڑی 15 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبے انبار میں عسکریت پسندوں کے زیر قبضہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، انبار میں مشترکہ کمانڈ نے دعویٰ کیا کہ فلوجہ میں فضائی کارروائی کے دوران آئی ایس آئی ایل کے 39 عسکریت پسند مارے گئے۔ عراق میں پارلیمانی انتخابات میں صرف 5 دن باقی رہ گئے ہیں اور پرتشدد واقعات میں تیزی آتی جارہی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق 2013 میں ملک میں پرتشدد واقعات میں 8868 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ رواں سال پہلے 2 ماہ میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں 2011 سے امریکی انخلا کے بعدبدھ کو پہلی مرتبہ پارلیمانی الیکشن ہورہے ہیں جس میں 328 نشستوں پر 9 ہزار سے زائد امیدوار حصہ لیں گے۔