بغداد (جیوڈیسک) عراقی دارالحکومت کے ایک مصروف بازار میں ٹرک بم دھماکے میں کم ازکم 58 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بغداد کے شمال مشرقی علاقے صدر کے مصروف بازار میں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ایک ریفریجریٹر ٹرک میں ہوا جس میں بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا۔
اس سے قبل مئی اور جولائی میں اسی علاقے میں کئی کار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں بڑے ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کےمطابق ایک خودکش حملہ آور ٹرک کو تیزی سے مارکیٹ کے سبزی اور پھل والے حصے میں لایا اور اسے دھماکے سے اڑا دیا۔ سرکاری اداروں کے مطابق یہ ممکنہ طور پر داعش کی کارروائی ہوسکتی ہے لیکن اب تک باضابطہ طور پر کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔