بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں گذشتہ 12 سال سے نافذ کرفیو اٹھا لیا گیا جس کے بعد شہری جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت بغداد میں نصف شب 12 سے صبح 5 بجے تک عوام کی نقل و حرکت پر پابندی تھی جس کے ہٹائے جانے کے بعد شہر بھر میں لوگ سڑکوں ر پرچم لہراتے ہوئے جشن مناتے رہے جبکہ سماجی رابطے کی سائٹوں پر جاری کی جانے والی تصویروں میں لوگوں کو سڑکوں پر ناچتے گاتے دکھایا گیا ہے۔
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا کہ بغداد میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکوں سے خوفزدہ نہیں اس لئے دارالحکومت میں عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کے لئے کرفیو ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ 2003 میں امریکا کی جانب سے عراق پر حملے کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دارالحکومت میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔