عراق: داعش نے مالی امور چلانے کے لئے تیل بیچنا شروع کر دیا

Iraq

Iraq

بغداد (جیوڈیسک) عراق کی وزارت تیل کے ایک مشیر کے مطابق جولائی کے پہلے دو ہفتوں میں داعش نے تیل کی سمگلنگ سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

گزشتہ ماہ کے وسط میں دولت اسلامیہ فی عراق والشام داعش کے شدت پسندوں نے موصل شہر کے قریب نجما اور قیارا جبکہ تکریت میں حمرین اور اجل کے تیل کنووں پر قبضہ کیا تھا۔ عراق کے کرکوک اور بصرہ کے قریب بڑے تیل کے ذخائر کے مقابلے میں عسکریت پسندوں کے قبضے میں کنووں کی مجموعی پیداوار بہت کم ہے۔

کرد حکام کے مطابق ان کنووں کی تعداد 80 کے قریب ہے جس میں سے بیشتر بند ہیں۔ عراقی عہدیداروں کے مطابق عسکریت پسند تنظیم نے حالیہ ہفتوں میں قیارا سے تیل کو شام میں موبائل ریفائنریز بھیجا جہاں اسے کم درجے کی گیسولین میں تبدیل کرنے کے بعد موصل میں فروخت کرنے کے لیے لایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نجما سے بھی تیل ترکی کے تاجروں کو صرف 25 ڈالر فی بیرل میں فروخت کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق موصل میں داعش کے ساتھ کاروبار کرنے والے تاجر پٹرول ایک یا ڈیڑھ ڈالر فی لٹر میں فروخت کر رہے ہیں۔