عراق میں داعش نے جوہری مواد قبضہ کر لیا

Nuclear Material

Nuclear Material

عراق (جیوڈیسک) کی حکومت نے اقوامِ متحدہ کو خبردار کیا ہے کہ اسلامی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامی فی عراق و شام نے موصل کے ایک یونیورسٹی سے جوہری مواد قبضہ میں لیا ہے۔ یہ جوہری مواد موصل کے ایک یونیورسٹی میں سائنسی تحقیق کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اقوامِ متحدہ میں عراقی سفیر نے سفیر نے اقوامِ متحدہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں نے تقریباً 40 کلو گرام یورینیئم اپنے قبضے میں لیا ہے۔ روئٹرز نے اس خط کو دیکھا ہے جس میں ’شدت پسندوں کے ہاتھوں عراق میں یا بین الاقوامی سطح پر اس مواد کے استعمال کو روکنے‘ کی اپیل کی گئی ہے۔

عراقی سفیر محمد علی الحکیم نے اپنے خط میں لکھا کہ ’شدت پسند گروپ اس مواد کو ضروری مہارت کے ساتھ اسے علیحدہ یا دوسرے مواد کے ساتھ ملا کر اپنی شدت پسند کارروائیوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔‘ اطلاعات کے مطابق امریکی حکام نے اس جوہری مواد کے استعمال کے خدشے کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقین کیا جاتا ہے کہ یہ مواد افزودہ یورینیئم نہیں ہے۔

امریکی حکام نے مزید کہا ہے کہ باغیوں کے لیے یہ مشکل ہوگا کہ وہ اسے اسلحہ بنانے میں استعمال کریں۔ بغداد سے تقربیاً 400 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع موصل پر داعش کے باغیوں نے گذشتہ ماہ قبضہ کیا تھا۔ سنی باغی ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں پیش قدمی کر رہے ہیں۔

اس سے ایک دن پہلے عراقی حکومت نے تصدیق کی تھی کہ سنی عسکریت پسندوں نے بغداد کے قریب کیمیائی ہتھیار بنانے والی ایک سابق فیکٹری پر قبضہ کر لیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے ایک خط میں عراق نے تسلیم کیا تھا کہ المثنٰی کمپلیکس جہاں سابق عراقی صدر صدام حسین کے دور میں اعصاب کو متاثر کرنے والے کیمیائی ہتھیار بنائے جاتے تھے اس پر ماہِ جون میں سنی باغیوں نے قبضہ کر لیا تھا۔

امریکہ نے تین ہفتے قبل کہہ دیا تھا کے داعش کے عسکریت پسندوں نے کیمیائی ہتھیاروں کی فیکٹری پر قبضہ کر لیا ہے تاہم اس کا کہنا تھا کہ وہ شاید کیمیائی ہتھیار نہ بنا سکیں۔ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران داعش کے جنگجوؤں نے عراقی فوج سے ایک بہت بڑا علاقہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور کئی شہروں کے لیے جنگ جاری ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عراق میں جاری ’تشدد اور انتہا پسندی‘ میں جون میں 2417 عراقی مارے گئے جس میں سے 1531 عام شہری ہیں۔