بغداد (جیوڈیسک) عراق میں داعش کی جانب سے پولیس ہیڈ کوارٹرز پر حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 20 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 40 حملہ آور بھی مارے گئے۔
عراق کے مغربی علاقے ہیت میں جنگجو تنظیم داعش کے 20 سے زائد مسلح افراد نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار اور 4 فوجی ہلاک ہو گئے، مقامی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ہیڈکوارٹر کے گیٹ سے ٹکرا دی جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا جبکہ دھماکے کے بعد 20 سے 25 حملہ آوروں فائرنگ کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہوگئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 20 حملہ آوروں کو موقع پر ہلاک کر دیا۔
دوسری جانب داعش کے جنگجوؤں نے اسی طرز کا ایک اور حملہ مغربی بغداد کے علاقے رمادی میں پولیس کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر کیا جہاں مختلف 3سمتوں سے حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں نے مرکزی دروازے پر خود کش حملہ کر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس کے بعد بارود سے بھری گاڑی کمپاؤنڈ کے قریب پہنچ کر دھماکے سے اڑا دی گئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فوجی حکام کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس ہیڈکوارٹر کے گیٹ کو دھماکے سے اڑا کر بارود سے بھری گاڑی ہیڈکوارٹر میں داخل کی جبکہ اس دوران 15 سے 20 حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 20 دہشت گرد مارے گئے اور 2 گھنٹے سے زائد آپریشن میں انسداد دہشت گردی فورس کے 3 اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ واضح رہے کہ عراق میں جنگجو تنظیم داعش کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے کی جانے والی فضائی کارروائی کے بعد داعش نے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کردیا جبکہ پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملوں کو رواں سال کی بڑی کارروائی قرار دیا جارہا ہے۔