عراق میں مظاہرے پھر پرتشدد ہو گئے، متعدد افراد ہلاک

Iraq Demonstrations

Iraq Demonstrations

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراقی دارالحکومت بغداد میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک جبکہ ساڑھے تین سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا کہ جمعہ پچیس اکتوبر کو عراقی دارالحکومت بغداد میں حکومت مخالف مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں رونما ہونے والے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ مظاہرین مارے گئے۔ اس تشدد کی وجہ سے ساڑھے تین سو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران تشدد اس وقت دیکھا گیا جب پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے شیل برسائے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی دراصل کچھ مشتعل مظاہرین کی طرف سے کی جانے والی پرتشدد حرکات کے بعد کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ یہ مظاہرین بغداد کے اس گرین زون کی طرف بڑھنے کی کوشش میں تھے، جہاں حکومتی دفاتر اور حساس مقامات واقع ہیں۔ اس تشدد کے بعد ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ پولیس نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر دی، جس کی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔

عراق میں اکتوبر کے آغاز میں شہریوں نے بدعنوانی اور بے روزگاری کے خاتمے اور سیاسی نظام میں وسیع تر اصلاحات کے لیے احتجاج شروع کیا تھا۔ مظاہروں کے پہلے مرحلے میں بھی درجنوں افراد مارے گئے تھے تاہم اس احتجاج کے دوسرے مرحلے میں زیادہ نقصان کا خدشہ ہے۔

اپوزیشن اور سماجی کارکنوں نے شہریوں سے درخواست کی تھی کہ وہ جمعے کے دن سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں۔ یاد رہے کہ ٹھیک ایک برس قبل اسی دن عادل عبدالمہدی نے وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا تھا۔ تاہم میڈیا رپورٹوں کے مطابق عراقی شہریوں نے جمعرات کے دن ہی احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔

دوسری طرف شیعہ اکثریتی آبادی والے جنوبی شہروں میں بھی وزیر اعظم کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ ہزاروں مظاہرین نے عہد ظاہر کیا کہ جب تک عادل عبدالمہدی کی حکومت استعفیٰ نہیں دیتی، وہ سڑکوں پر احتجاج کرتے رہیں گے۔ میڈیا نے پولیس ذارئع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی صوبے ذی قار میں مظاہرین نے صوبائی حکومت کے کئی صدر دفاتر کے علاوہ متعدد سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو بھی آگ لگا دی۔

عراق میں شیعہ آبادی کے اعلیٰ ترین مذہبی رہنما آیت اللہ عظمیٰ علی السیستانی نے ملکی وزیر اعظم کو مہلت دے رکھی ہے کہ وہ جمعے تک مظاہرین کے مطالبات پر اپنا ردعمل ظاہر کر دیں۔ انہوں نے نماز جعمہ سے قبل یہ بھی کہا تھا کہ اس احتجاج میں تشدد کا رنگ نہیں آنا چاہیے۔ تاہم اس کے باوجود مبینہ طور پر کچھ مظاہرین کی طرف سے صبر و تحمل کا مظاہرہ نہ کیا گیا۔