عراق: شدت پسندوں کی تل عفر پر قبضے کی کوشش ناکام

Iraq

Iraq

بغداد (جیوڈیسک) عراق کے نواحی علاقے تل عفر پر شدت پسندوں کی شیلنگ سے 10 افراد ہلاک ہوگئے، دوسری جانب کشیدہ صورت حال کے باعث امریکا نے بغداد میں اپنے سفارت خانے کی سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نینوا صوبے کے نواحی علاقے تل عفر پر شدت پسندوں کی شیلنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کے حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے۔

اور حکومت نے جوابی کارروائی میں 18 شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بغداد میں امریکی سفارت خانے کی سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ شدت پسندوں کی جانب سے ممکنہ پیش قدمی کے بعد کیا گیا ہے، امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی کے مطابق عراق میں بڑھتے ہوئے۔

تشدد اور غیر یقینی صورت حال کے باعث امریکی سفارت خانے میں صرف ضروری عملہ تعینات رہے گا تاہم سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق بغداد امریکی سفارت خانے کا عملہ 5 ہزار 500 افراد پر مشتمل ہے، بڑی تعداد میں ان افراد کو اردن منتقل کیا جار ہا ہے جبکہ عملے کے کچھ اہلکاروں کو بصریٰ اور عراق کے جنوبی کرد علاقے اربیل منتقل کیا جار ہا ہے۔