عراق میں گیس پلانٹ پرخود کش حملوں میں 14 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

Iraq

Iraq

بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد میں گیس پلانٹ پر خود کش حملوں کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے قریب گیس پلانٹ پر خودکش حملوں کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حکام کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گیس پلانٹ کے دروازے کو کار بم دھماکے کا نشانہ بنایا جس کے بعد چھ دہشت گرد اندر داخل ہوئے جنہوں نے خود کش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں، گیس پلانٹ میں داخل ہونے کے بعد وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں سے مقابلے میں کچھ حملہ آور مارے گئے جب کہ باقی حملہ آوروں نے خود کودھماکے سے اڑالیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں مارے جانے والے زیادہ تر افراد سیکیورٹی اہلکار تھے جو گیس پلانٹ کی سیکیورٹی پرمامور تھے جب کہ جنگجو تنظیم داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔