عراق میں اسپتال کے باہر زوردار دھماکا، 4 جاں بحق اور 20 زخمی

Iraq Hospital Blast

Iraq Hospital Blast

بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کا شہر بصرہ زوردار دھماکے سے گونج اُٹھا جس میں 4 افراد کے جاں بحق اور 20 کے زخمی ہونے کی ابتدائی خبر موصول ہوئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی شہر بصرہ کے ایک اسپتال کے سامنے زور دار دھماکے کے بعد کالے دھوئیں کے بادلوں نے آسمان کو ڈھانپ لیا اور ہر طرف چیخ و پکار کی کان پڑی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔

دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم گورنر بصرہ کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکا ایک موٹر سائیکل میں ہوا۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے جائے حادثہ سے 4 لاشوں کو اسپتال منتقل کیا ہے جب کہ 20 سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔

زخمیوں میں سے 13 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم داعش کے جنگجو اپنے ٹھکانوں سے نکل کر مختلف شہروں میں ایسی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔