عراق میں باغیوں نے 500 افراد قتل کر دیے، جنگجوؤں پر امریکی فضائی حملے جاری

Iraq

Iraq

بغداد (جیوڈیسک) عراق میں داعش کے جنگجوؤں نے شمالی عراق میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 500 افراد کو ہلاک جبکہ متعدد کو مبینہ طور پر زندہ دفن اورسیکڑوں خواتین کو اغوا کر لیا۔

یہ بات عراق کے ایک وزیر نے اتوار کوبتائی۔ انسانی حقوق کے وزیر محمدشعیہ السوڈانی نے کہا کہ انھیں ایسے شواہد ملے ہیں کہ آئی ایس کے عسکریت پسندوں نے یزدی برادری کے افراد کو ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افرادکو زندہ ہی دفن کر دیا جبکہ 300 کے قریب خواتین کو اغواکرکے غلامی پر مجبور کیا جارہا ہے۔ شمالی عراق میںآئی ایس کی پیشقدمی بھی جاری ہے جسکے باعث وہاں سے ہزاروں افراد کا انخلا ہوا ہے۔

امریکی فوج کے جنگی طیاروں نے عراقی خود مختار علاقے کردستان کے شہر اربل کے قریب داعش کے جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری جاری رکھی جس کے باغیوں کے اسلحہ سے بھرے ٹرک اور دیگر جنگی ہتھیار تباہ ہو گئے۔

ادھرکویت ایئر ویز نے اتوارکواعلان کیاکہ وہ عراق کی فضاؤں سے اپنی پروازیں نہیں چلائے گی۔ فرانس نے کہا کہ عراق میں فعال جہادیوں کیخلاف عالمی کارروائی کیلیے ضروری ہے کہ وہاں ’وسیع تر متحدہ حکومت‘ تشکیل دیدی جائے۔ شمالی عراق میں اقلیتی آبادی کی مدد کیلیے جاری امریکی کارروائی میں برطانیہ اور فرانس بھی شریک ہو گئے۔