عراق میں عسکریت پسندوں کا حملہ، 15 فوجی ہلاک

Soldiers

Soldiers

بغداد (جیوڈیسک) عراقی فوج کے ایک کیمپ پر حملے کے دوران 15 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ فوجی کیمپ عراق میں تیل کی ایک پائپ لائن کی حفاظت کے لئے قائم کیا گیا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عسکریت پسندوں نے صوبہ نینوا میں ایک فوجی کیمپ میں داخل ہو کر کیمپ میں موجود 15 فوجیوں کو ہلاک کیا اور اس کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

مقامی پولیس حکام نے بھی حملہ آوروں کے کامیابی سے فرار ہو جانے کی تصدیق کی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق فوجی کیمپ اس طرح کی کارروائیوں کا اکثر نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے کہ صرف فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ دو روز قبل اسی نوعیت کا ایک واقعہ تز خرموطو میں بھی پیش آیا تھا جس میں پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

اس وقعے میں پولیس اہلکاروں کو جبری طور پر اپنے سامنے نماز پڑھنے کیلئے کہا گیا تا کہ اندازہ کیا جا سکے کہ پولیس اہلکار شیعہ فرقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ واضح رہے صرف پچھلے ماہ جنوری کے دوران عراق میں ایک ہزار افراد بدامنی کے ایسے واقعات کی نذر ہو چکے ہیں۔