موصل (جیوڈیسک) حملہ آوروں نے اہلکاروں کو اغوا کیا جنہیں بعد میں ہاتھ پائوں باندھ کر قتل کردیا گیا عراق میں عسکریت پسندوں نے فوجی اڈے پر حملہ کرکے 22 اہلکاروں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق موصل کےعلاقے عین الجاحش میں واقع فوجی اڈے پر متعددعسکریت پسندوں نے حملہ کیا، حملہ آور کئی گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے تھے اور 22 اہلکاروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے، کچھ دیر بعد عسکریت پسندوں نے اہلکاروں کو قتل کر دیا اور انکی لاشیں کھلے میدان میں پھینک دیں۔ ذرائع کے مطابق اہلکاروں کے ہاتھ انکی پشت پر بندھے ہوئے تھے اور انکے سروں میں گولیاں ماری گئی تھیں۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مارے جانیوالے اہلکار تیل پائپ لائن کی حفاظت پر مامور تھے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واضح رہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد عراق میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک ہزاروں افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔