بغداد (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے نئے وزیراعظم کے لیے محمد علاوی کی نامزدگی کے خلاف طلبہ سڑکوں پر نکل آئے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے مختلف شہروں میں احتجاج کرنے والے طلبہ نے ملک کے نئے وزیراعظم کےلیے محمد علاوی کی نامزدگی کو مسترد کردیا اور نامزدگی واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
عراق کے شہروں بغداد، نجف اور نصیریا میں طلبہ کی جانب سے بڑے مظاہرے کیے گئے جن میں طلبہ نے الزام لگایا کہ محمد علاوی کا تعلق بھی گزشتہ ناکام سیاسی اسٹیبلشمنٹ سے ہے۔
احتجاج کرنے والے طلبہ کا محمد علاوی کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ 16 سالوں میں ان لوگوں کی طرف سے صرف تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔
عرب میڈیا کے مطابق 65 سالہ محمد علاوی عراق کے نائب صدر اور وزیراعظم رہنے والے ایاد علاوی کے کزن ہیں، محمد علاوی عراق کے سابق وزیراعظم نورالمالکی کی حکومت میں رکن پارلیمنٹ تھے اور وہ بطور وزیر کمیونیکیشن بھی کام کرچکے ہیں۔
محمد علاوی نے 2012 میں اپنی وزارت میں وزیراعظم کی مداخلت اور ملک میں ہونے والی کرپشن کو بنیاد بناکر استعفیٰ دیا۔
واضح رہے کہ عراق میں نور المالکی کی حکومت کے خلاف مظاہرے گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوئے جن میں ہزاروں لوگ بغداد شہر میں نکل آئے اور مظاہرین نے حکومت پر کرپشن سمیت دیگر الزامات لگاتے ہوئے حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔
ان حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں تقریباً 500 کے قریب مظاہرین ہلاک ہوئے۔