عراقی طیاروں کی بمباری، داعش کے 121 جنگجو ہلاک

Jet Plane

Jet Plane

دمشق / بغداد (جیوڈیسک) عراقی فورسز کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں121داعش جنگجو ہلاک ہو گئے، جنگجوؤں کی11 گاڑیاں بھی جل کر راکھ بن گئیں۔

دوسری جانب داعش کے شدت پسندوں نے عراق میں مزید53 افراد کو قتل کردیا جن میں4 خواتین اور3 بچے شامل ہیں، عراقی وزارت دفاع کے ایک اعلیٰ عہدیدارنے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فورسزنے صوبہ صلاح الدین اور الانبار میں 121 دہشت گرد ماردیے ،انھوں نے بتایاکہ عراقی طیاروں نے صوبہ الانبار کے علاقوں التامیم اورالبوعیث اور صوبے صلاح الدین میں الضلوعیہ کے علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔

عراقی فوج کے ایک عہدیدار نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ان حملوں کے نتیجے میں66 دہشت گرد مارے گئے اوران کی11 گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں،اسی طرح عراقی فوج نے شام کے سرحدی علاقے القائم میں داعش کے ٹھکانے پرحملہ کیا جس میں55 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، عراقی فوج نے عوامی اور پیش مرگہ فورسز کے ہمراہ حالیہ برسوں میں دہشت گردوں کیخلاف وسیع پیمانے پرکاروائیاں انجام دی ہیں، دوسری جانب داعش کے شدت پسندوں نے عراق میں مزید53 افراد کو قتل کردیا جن میں4 خواتین اور3 بچے شامل ہیں۔

داعش نے صوبے انبار میں البونمر قبائل کے ایک ہزار افراد کو اغوا کر رکھا ہے اور ہرروز50 افراد کوقتل کردیا جاتاہے، دیرالزور شہر میں بھی داعش نے مزید3 افرادکوقتل کردیا،ادھر شامی شہرکوبانی میں داعش کے شدت پسندوں اور اتحادی فورسز میں لڑائی جاری ہے۔خیال رہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے9 جون سے عراق کے شمالی اور مغربی علاقوں کے بعض حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور آئے دن اس ملک میں بہت زیادہ جارحیت کا مرتکب ہورہا ہے۔