بغداد (جیوڈیسک) عراق میں قیدیوں کی بس کے قریب خودکش حملہ اور فائرنگ کے نتیجے میں 8 اہلکاروں سمیت 60 قیدی ہلاک ہو گئے۔
دارالحکومت بغداد سے 15 کلو میٹر دوری پر اسلحہ سے لیس افراد نے تاجی جیل سے منتقل کرنے والی قیدیوں کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جبکہ ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں گاڑی کے پرخچے اڑ گئے جبکہ دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 8 اہلکاروں سمیت 60 قیدی ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کا کہنا ہے دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث گرفتار قیدیوں کو سخت سیکیورٹی میں تاجی جیل سے منتقل کیا جارہا تھا جنہیں حملہ آوروں نے نشانہ بنایا جبکہ حملہ آوروں کی جانب سے قافلے پر بم پھینکے گئے جس کے بعد ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ دیگر نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکاروں، قیدیوں کے علاوہ چند راہ گیر بھی ہلاک ہوئے۔