بغداد (جیوڈیسک) عراق میں حملوں کے دوران 15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جھڑپوں کے دوران 25 شدت پسندو کو ہلاک کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت بغداد کے جنوب مغربی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران فوج نے 25 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا، جھڑپ کے دوران علاقے شدید فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھا۔
فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل سعد مان کے مطابق مرنے والے جنگجوؤں کا تعلق آئی ایس آئی ایل تنظیم سے تھا۔ جنگجو عراقی فوج کے اڈے پر حملے کی تیاری کررہے تھے۔
عراق میں قتل و غارت گری کا سلسلہ رکنے میں نہیں آرہا۔ موصل شہر میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک ہی گھرانے کے 6 افراد کو قتل کردیا۔
تزخرماتو میں ایک خودکش حملہ آور نے چیک پوسٹ کے قریب دھماکاکردیا جس میں 4 پولیس اہلکار مارے گئے۔ بائیجی، تکریت اور صلاح الدین صوبوں بھی پرتشدد واقعات میں مزید 5 افراد ہلاک ہوئے۔