عراق اور شام میں کشیدگی سے 14 ملین بچے متاثر

Children

Children

دمشق (جیوڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا کہ عراق اور شام میں جاری کشیدگی سے چودہ ملین بچے تنازعات کا شکار ہیں جن کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی میں ایک کروڑ چالیس لاکھ بچے تنازعات سے متاثر ہو رہے ہیں۔ شام اور عراق میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث سب سے زیادہ بچے متاثر ہوئے۔ یونیسیف کے مطابق متاثرہ بچوں میں ایک بڑی تعداد ان بچوں کی ہے جو بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جن میں صحت اور تعلیم جیسی سہولتیں بھی شامل ہیں۔

یونیسیف نے ان بچوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات پر زور دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق قریب دو ملین شامی بچے ہمسایہ ریاستوں لبنان، ترکی، اردن اور دیگر ممالک میں بطور مہاجرین رہ رہے ہیں۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ عراق میں جاری کشیدگی سے 2.5 لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یونیسیف کے سال 2014ء کے اختتام پر جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق رواں سال ایک اندازے کے مطابق بیس کروڑ تیس لاکھ بچے ایسے ممالک یا علاقوں میں ہیں جہاں مسلح تصادم جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینٹرل افریقن ریپبلک، عراق، جنوبی سوڈان، فلسطین، شام اور یوکرائن میں ڈیڑھ کروڑ بچے پرتشدد کارروائیوں کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں جبکہ مارے جانے والے بچوں کی اکثریت یا تو سکول میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران یا پھر گھروں میں سوتے ہوئے حملوں کا نشانہ بنی۔