بغداد(جیوڈیسک)عراق میں دہشت گردی کے الزامات میں سزا پانے والے 21 افراد کو پھانسی دیدی گئی۔ عراق میں گزشتہ روز 21 افراد کو پھانسی دیدی گئی۔ اجتماعی پھانسیوں کے سلسلے کی یہ تازہ ترین کڑی ہے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔
اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تمام افراد کا تعلق عراق سے ہے اور انہیں انسداد دہشتگردی الزامات پر سزائے موت دی گئی ہے۔ تازہ ترین پھانسیوں سے بغداد میں رواں سال اب تک پھانسی پر لٹکائے جانے والے افراد کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔
یہ پھانسیاں اس کے باوجود دی گئی ہیں کہ ملک میں سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر مطالبات سامنے آ رہے ہیں۔ وزیر انصاف حسن الشماری نے گزشتہ ماہ یہ بات زور دے کر کہی تھی کہ بغداد سزائے موت پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔
عراق میں پھانسیوں کے معاملے پر اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ برطانیہ، یورپی یونین اور حقوق انسانی گروپوں، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کی طرف سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔