بغداد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کا کہنا ہے کہ عراق میں داعش کے زیر اثر علاقوں سے 50 سے زائد افراد کی اجتماعی قبریں دریافت ہوئیں ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عراق میں جنگجو تنظیم داعش کے زیر اثر علاقوں سے 50 سے زائد اجتماعی قبریں دریافت کی ہوئیں ہیں۔ سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران اقوام متحدہ خصوصی ایلچی جان کوبس کا کہنا تھا دریافت ہونے والی قبریں رمادی، انبار اور تکریت کے علاقوں سے ملیں جب کہ صرف رمادی میں ملنے والی قبر میں سے 40 کے قریب افراد کی باقیات ملیں ہیں۔
ان تمام علاقوں پر جنگجو تنظیم داعش کا قبضہ تھا تاہم عراقی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کے بعد ان علاقوں پر سے دہشت گردوں کا قبضہ چھڑایا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال عراق کے شہر تکریت میں تقریبا 1700 افراد کی اجتماعی قبریں ملی تھیں جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ ان عراقی فوجیوں کی قبریں ہیں جنھیں جنگجو تنظیم داعش نے ہلاک کردیا تھا۔