واشنگٹن(جیوڈیسک)عراق جنگ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ نوے ہزار افراد مارے گئے اور اس جنگ پر امریکا کے بائیس سو ارب ڈالر خرچ ہوئے۔یہ اعداد و شمار امریکا کی براون یونی ورسٹی کی تحقیق میں سامنے آئے۔
تحقیق میں ماہرین اقتصادیات ، 15 یونی ورسٹیز کے پولیٹیکل سائنٹسٹس ، وکلا اور دیگر شعبوں کے افراد نے حصہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق ابتدا میں جارج بش حکومت نے عراق جنگ پر اخراجات کا تخمینہ 50 سے 60 ارب ڈالر لگایا تھا لیکن حتمی اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ میں مارے گئے افراد میں سے70 فی صد یعنی ایک لاکھ چونتیس ہزار افراد عام شہری تھے۔ مرنے والے ایک لاکھ نوے ہزار افراد میں4 ہزار488 امریکی فوجی اور تین ہزار چار سو امریکی کنٹریکٹر بھی شامل ہیں۔