بغداد (جیوڈیسک) عراق کے صوبہ انبار کے میں باغیوں اور سکیورٹی فورسز میں شدید لڑائی جاری ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی بمباری سے 7 جنگجوئوں سمیت 32 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے صوبہ انبار کے قصبے بائیجی میں بمباری کر کے 19 افراد کو ہلاک اور 17 کو زخمی کر دیا۔ مرنے والے تمام افراد عام شہری تھے۔ باغیوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے پتا نہیں چلا جب کہ سرکاری ٹی وی کے مطابق مرنے والے تمام باغی تھے۔
صوبہ انبار کے ہی علاقے حسیبہ میں بمباری میں 7 جنگجو اور 6 شہری ہلاک ہوگئے۔ صوبہ انبار کے علاقے حدیثہ میں بھی شدید لڑائی جاری ہے۔
سابق صدر صدام حسین کو پھانسی کا فیصلہ سنانے والے جج رئوف عبدالرحمن کو مسلح افراد نے قتل کر دیا۔ ادھر اقوام متحدہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عراق میں پانچ جون سے 22 جون کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے کے ترجمان روپرٹ کولوِلے نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ 17 دنوں کے دوران 100 افراد ہلاک جبکہ 658 دیگر زخمی ہوئے۔