بغداد (جیوڈیسک) عراقی سیکیورٹی فورسز اور اتحادیوں نے صوبہ انبار کے قصبے رتبہ سے داعش کا قبضہ چھڑانے کےلئے بڑے آپریشن کا آغاز کردیا۔
عراقی جوائنٹ آپریشن کمانڈ کے مطابق صوبہ انبار سے داعش کا قبضہ چھڑانے کے لئے مشترکہ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں اسپیشل فورسز کے علاوہ، فوج، پولیس، سرحدی محافظ اور حکومت کے حامی جنگجو حصہ لے رہے ہیں جب کہ فوج کے ٹینک اور آرٹلری بھی آپریشن کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف برسرپیکارعراقی سیکیورٹی فورسز اور امریکی اتحادی فوجیوں کو فضائی مدد بھی حاصل ہے۔
امریکی اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل اسٹیو وارن کا کہنا ہے کہ صوبہ انبار کا قصبہ رتبہ داعش کے لئے اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ وہ اردن سے جاملتا ہے جس کی وجہ سے داعش کو تخریبی کارروایئوں میں مدد ملتی ہے جب کہ اس سے قبل انبار کے صدرمقام رمادی سے بھی داعش کا قبضہ چھڑایا تھا اور رتبہ صوبے کا دوسرا سب سے اہم شہر ہے۔
واضح رہے کہ 2014 میں داعش نے صوبہ انبار کے مغربی قصبے رتبہ پرقبضہ کرلیا تھا۔