بغداد (جیوڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد کے مضافات میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں میں جھڑپ کے نتیجے میں 40 جنگجو ہلاک ہو گئے، یہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں پارلیمانی انتخابات کی آمد آمد ہے۔
وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں نے دارالحکومت کے مضافاتی علاقے یوسفیہ میں واقع آرمی کیمپ پر صبح کے وقت حملہ کیا، فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 40 جنگجو مارے گئے جبکہ ایک فوجی افسر بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
حکام کے مطابق حملہ آور داعش سے تعلق رکھتے تھے ۔ اہلکاروں نے حملہ آوروں کا اسلحہ قبضے میں لے لیا جس میں دو ہیوی مشین گنیں، 15 رائفلیں اور پانچ گرنیڈ لانچرز بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب توز خرماتو کے علاقے میں ایک بم دھماکے میں چار فوجی مارے گئے جبکہ 12 شدید زخمی ہو گئے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک پرتشدد واقعات میں 23 سو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔