عراق (اصل میڈیا ڈیسک) عراق کے انٹیلی جنس اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے “داعش” کے مقتول سربراہ ابوبکر البغدادی کے متوقع جانشین کو گرفتار کرلیا ہے۔
عراقی نیوز ایجنسی کے مطابق نیشنل انٹیلی جنس سروس نے ابوبکر البغدادی کے جانشین ہونے والے امیدوار عبد الناصر قرداش نامی شخص کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انٹیلی جنس اداروں نے مزید کہا ہے کہ “قرداش” نے داعش کو تفویض کردہ کمیشن کی سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس نے ابو مصعب الزرقاوی کے زمانے سے لے کر الباغوز کی لڑائیوں تک شدت پسندوں کی کمان کی۔ پہلے القاعدہ کی صفوں میں عسکری کارورائیوں میں حصہ لیا اور داعش کے قیام کے بعد اس میں شامل ہوگیا۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے داعشی کمانڈر عبدالناصر قرداش سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔
انٹلیجنس سروس نے قرداش کی گرفتاری سے متعلق کوئی اضافی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس 27 اکتوبر کوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں ادلب گورنری کے مضافات میں واقع باریشا گاؤں میں امریکی اسپیشل فورسز کی جانب سےکیے گئے ایک آپریشن میں داعش کے سربراہ ابو بکرالبغدادی کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔