عراقی پارلیمان کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین ڈاکٹر شیخ ھمام حمودی سے ملاقات

مجلس وحدت مسلمین کے چھ رکنی وفد نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عراقی پارلیمان کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین ڈاکٹر شیخ ھمام حمودی سے ملاقات کی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔وفد کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کی جبکہ دیگر افراد میں مولانا اسرار گیلانی، مولانا ضیغم عباس، زاہد حسین اوراللہ بخش موجود تھے۔مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ڈاکٹر ھمام حمودی کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں وسعت آئیگی اور تجارت سمیت دیگر تعلقات میں بہتری آئے گی۔

اس موقع پر علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ عراقی عوام کی آمریت کے خاتمے اور جمہوری حکومت کے قیام کیلئے بے پناہ خدمات ہیں جن کی پاکستانی عوام قدردانی کرتے ہیں، صدام جیسے آمر سے ٹکرانا اور امریکہ کیخلاف سینہ سپر ہونا بلاشبہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان کافی مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔ یہاں کے عوام نے بھی کئی آمروں کیخلاف جہدوجہد کی اور قربانیاں پیش کیں، اسی طرح دونوں ممالک کے عوام تکفیریت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مصروف ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے ڈاکٹر شیخ حمام حمودی سے پاکستانی زائرین کو ویزہ کیلئے پیش آنے والی مشکلات کا بھی زکر کیا، اس پر ڈاکٹر حمادی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پہلی فرصت میں عراقی وزارت خارجہ سے اس ایشو پر بات کرینگے۔