بغداد (جیوڈیسک) عراق کے وزیراعظم نوری المالکی نے عدالتی فیصلے تک اقتدار چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے العبادی کی نامزدگی کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے گزشتہ روز ٹی وی پر اپنی تقریر میں کہا کہ وہ وفاقی عدالت کا فیصلہ آنے تک اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔
ان کی جگہ حیدر العبادی کی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر نامزدگی آئین کی خلاف ورزی ہے اور اس کی کوئی اہمیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حیدر العبادی کی نامزدگی پر جو اعتراض اٹھایا تھا اس پر وفاقی عدالت کا فیصلہ ہر کسی کو تسلیم کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے حیدر العبادی کی حمایت کر دی ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ اب وہ ایران کے دیرینہ اتحادی نوری المالکی کیساتھ نہیں ہیں۔ دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ نے حیدر العبادی کو نیا وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
دریں اثنادارالحکومت بغداد میں نامزد وزیراعظم حیدر العبادی کے گھر کے قریب ایک خودکش دھماکہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے العبادی کے گھر کی جانب جانے والی سڑک پر موجود چیک پوائنٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔