لاہور (جیوڈیسک) کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد آئر لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کے روز مایوسی کا اظہا کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ آئر لینڈ کے ساتھ تین ایک روزہ میچ ستمبر کے پہلے ہفتے میں لاہور میں کھیلے جانے تھے اور اس دورے کو ممکن بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی گئی تھیں تاہم ساری محنت ضائع ہوگئی۔
اس سے قبل آئر لینڈ نے اطمینان بخش سیکورٹی اور کھلاڑیوں کی رضامندی کی شرط پر پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھری تھی تاہم رواں ہفتے کراچی ایئر پورٹ پر حملے کے باعث اس دورے کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ آئر لینڈ کرکٹ کے ترجمان بیری چیمبرز نے کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا کہ پی سی بی اور کرکٹ آئر لینڈ دورے کو حتمی شکل دینے کے مراحل میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ عالمی کپ 2015 سے قبل آئر لینڈ کے لیے فائدہ مند ہوتا اور ہم فل ممبرز کے خلاف زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں پانچ سال قبل سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ معطل ہے۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم اپنے ‘ہوم’ میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلتی ہے۔