لوہے کے ذخائر دریافت کرنے کیلئے حکومت پنجاب اور چینی کمپنی میں معاہدہ

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

چنیوٹ (جیوڈیسک) حکومت پنجاب اور چینی کمپنی کے درمیان چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر دریافت کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے یہ اتنا بڑا خزانہ ہو کہ تیل اور گیس کی ضرورت ہی نہ رہے۔ چنیوٹ کے ہاکی اسٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی کمپنی سے لوہے کے ذخائر دریافت کرنے کیلئے 18 ماہ کا معاہدہ طے پایا ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اس منصوبے کو 10 ماہ کے اندر اندر مکمل کرلیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے چنیوٹی عوام کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا، اگر امیدوں کے مطابق لوہا نکل آیا تو دنیا کی سب سے بڑی اسٹیل مل چنیوٹ میں لگے گی،اللہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام پر مہربان ہے، وہ چاہتا ہے کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں نا کہ دوسروں کے آگے کشکول پھیلائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ معاہدہ ہوگیا ہے، چینی انجینئرز کی سیکیورٹی سرکار کی ذمہ داری ہوگی، لیکن چنیوٹی عوام سے وعدہ کریں کہ وہ بھی چینی بھائیوں کے چائے پانی کا خیال رکھیں گے۔