ایساف سرحد پار سے پاکستان پر حملے رکوانے کیلئے تعاون کرے : آرمی چیف

Pakistan Army Chief

Pakistan Army Chief

راولپنڈی(جیوڈیسک)آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ایساف سرحد کے اس پار سے پاکستان میں ہونے والے حملوں کے سدباب کے لیے تعاون کرے۔ایساف کے کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ اہم دورے پر اسلام آباد پہنچے اور جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل کیانی سے ملاقات کی۔

خطے کی سیکورٹی سمیت عسکریت پسندوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کمانڈروں نے پاک افغان سرحد پر عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔

پاک افغان سرحدی علاقے میں امن کے قیام کے لیے تمام کوششوں کی تائید کی جانی چاہیے۔ جنرل کیانی نے کہا کہ ایساف سرحد کے اس پار سے پاکستان میں ہونے والے حملوں کا سدباب کے لیے تعاون کرے۔ جنرل جوزف ڈینفورڈ نے کہا کہ پاکستانی عوام افغان اور بین الاقوامی برادری خطے میں امن چاہتی ہے۔

جنرل کیانی کے ساتھ ملاقاتوں کا مقصد اپنے تعلقات کو وسعت دینا ہے۔ دوسری جانب ترک مسلح افواج کے کمانڈر نیٹڈاوزل پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے۔ ترک مسلح افواج کے کمانڈر کی اپنے پاکستانی ہم منصب جنرل وائیں سے ملاقات کی۔ جنرل وائیں نے صدر پاکستان کی جانب سے ترک جنرل کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔