اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 12 بجے تک ملتوی

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا ریفرنس، وزیر خزانہ اسحاق ڈار 5 ویں بار احتساب عدالت میں پیش ہو گئے، لیکن وکیل خواجہ حارث کی عدم موجودگی پر سماعت 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

جونئیر وکیل نے اسحاق ڈار کو آج حاضری سے اشتنیٰ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا چاہتے ہیں تمام کارروائی ملزم کے سامنے ہو، کہیں ایسا نہ ہو ملزم بعد میں کارروائی پر اعتراض کرے۔

واضح رہے نیب ریفرنس پر اسحاق ڈار کے خلاف 4 اکتوبر کو استغاثہ کے پہلے اور 12 اکتوبر کو دوسرے گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا۔

استغاثہ کے تیسرے گواہ لاہور کے نجی بنک افسر طارق جاوید کو دوبارہ ای میل کے ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا ہے جبکہ چوتھے گواہ مسعود غنی کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

عدالت نے 27 ستمبر کو اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کی فرد جرم عائد کی تھی۔ گواہان پر جرح وکیل خواجہ محمد حارث کریں گے۔

قبل ازیں جب اسحاق ڈار پیشی کے لئے احتساب عدالت پہنچے تو صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ استعفیٰ دے رہے ہیں؟ جس پر وزیر خزانہ برا مان گئے، اسحاق ڈار نے صحافی کی طرف گھور کر دیکھا اور بغیر جواب دیئے اندر چلے گئے۔