آئی ایس آئی نے صحافی اسد طور پر تشدد سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے، وزارت اطلاعات

Asad Toor

Asad Toor

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) نے سینیئر صحافی اسد طور پر تشدد سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

وزارت اطلاعات کے اعلامیے کے مطابق وزارت اطلاعات اور آئی ایس آئی کا اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ ہوا جس میں آئی ایس آئی نے صحافی اسد طور پر تشدد سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی سمجھتی ہے کہ سی سی ٹی وی میں ملزمان کی شکلیں واضح ہیں لہٰذا تفتیش آگے بڑھنی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق آئی ایس آئی اس سلسلے میں تفتیشی اداروں سے مکمل تعاون کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس سے رابطے میں ہے اور امید ہے کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق بغیر ثبوت اداروں پر الزامات کی روش ختم ہونی چاہیے، منفی روایات ملکی اداروں کے خلاف سازش کا حصہ ہیں، جلد اصل کردار بے نقاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے صحافی اور بلاگر اسد طور کو گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔