اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان داعش کو اپنی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تمام ممالک کو آپس میں تعاون کرنا ہوگا۔ پاکستان میں داعش کی موجودگی کے ٹھوس شواہد موجود نہیں لیکن ہم اس معاملے میں الرٹ ہیں۔ داعش کو اپنی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان یمن میں فضائی حملے روکنے سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان پرامید ہے کہ اس سے سیاسی عمل کا آغاز ہوگا اور استحکام آئے گا۔ سعودی عرب قریبی دوست اور حقیقی بھائی ہے جو ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوا۔
پاکستان یمن کے بحران کا جلد سیاسی حل چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا ہے کہ وہ بحران کے حل کے لئے فعال اقدامات کریں۔ سعودی فضائی حملوں کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اس مسئلے پر سعودی عرب سمیت مختلف ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور وزیراعظم نواز شریف کا سعودی عرب کا دورہ اس مقصد کے حصول کی کوششوں کا حصہ ہے۔
منشیات سے بھری ایک پاکستانی کشتی پکڑے جانے سے متعلق بھارت ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نئی دلی میں پاکستانی سفارت خانے نے بھارت سے تفصیلات فراہم کرنے کا کہا ہے تاہم اب تک بھارت نے معلومات کا تبادلہ نہیں کیا، اس معاملے میں ہم خود حقائق معلوم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ چین کے تعلقات سے خطے میں استحکام آئے گا، کسی ملک کو دو ممالک کے تعلقات کو ویٹو کرنے کا اختیار نہیں۔