داعش کا لیبیا میں تیل کی ایک تنصیب پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

Libya Attack

Libya Attack

لیبیا (اصل میڈیا ڈیسک) لیبیا کی نیشنل آرمی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ فوج نے ملک کے جنوب میں تیل کی ایک تنصیب پر شدت پسند گروپ ‘داعش’ کے حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی ایک یونٹ نے داعش سے وابستہ ایک سیل کو کچل دیا۔ یہ گروپ ملک کے جنوب میں تیل کی تنصیبات پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

آرمی جنرل کمانڈ میں جنوبی خطے کی کارروائیوں سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ “غدوہ” قصبے میں ایک آپریشن کے دوران داعش کے جنگجووں کو قتل کر دیا گیا۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ ساتھ تیل کی تنصیبات کے نقشے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

فوج نے دہشت گرد گروہوں کے خاتمے اور ترکی کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

لیبیا کی فوج کے ایک فوجی عہدیدار نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ داعش نے ملک میں ایک بار پھر طاقت پکڑنا شروع کر دی ہے۔ اس نے ملک کے مغرب میں واقع صبراتہ شہر میں اپنی سرگرمیاں نمایاں طور پر بحال کرنا شروع کی ہیں۔