کراچی (جیوڈیسک) کین کمشنر سندھ آغا ظہیرالدین کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ پر گنے کی خریداری نہ کرنے والی 33 شوگر ملوں کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے مل مالکان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ 26 جنوری کو کین کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں شوگر ملز مالکان سے کہا گیا ہے کہ حکومت نے گنے کی قیمت خرید فی من 182 روپے مقرر کی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے بھی فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے لئے کہا ہے، سپریم کورٹ نے بھی حکومت اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے گنے کے مقرر کردہ سرکاری نرخ پر کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا۔کین کمشنرسندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہاگیا ہے کہ شوگرملز مالکان نے سرکاری فیصلے کے تحت آبادگاروں کو گنے کی قیمت ادا نہ کی تو اُن کیخلاف توہین عدالت کے تحت کارروائی ہوگی ۔ کین کمشنر کے مطابق سندھ کی 37 میں سے 4 شوگر ملیں فنی خرابی کے باعث بند ہیں ۔