داعش کی سفاکیت، اردنی پائیلٹ کو زندہ جلا دیا

عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اردن کے یرغمال پائیلٹ معاذ الکساسبہ کو زندہ جلا دیا ہے اور اس کو زندہ جلائے جانے کے مختلف مراحل کی تصاویر اور کلپس پر مبنی ایک ویڈیو منگل کے روز انٹرنیٹ پر جاری کی ہے۔

داعش نے اردن کی حکومت سے پائیلٹ کی بازیابی کے بدلے میں جیل میں قید ناکام خودکش حملہ آور عراقی خاتون ساجدہ الریشاوی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن اردن کی جانب سے یہ مطالبہ تسلیم نہ کیے جانے پرداعش کے جنگجوؤں نے حد درجے کی سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یرغمال پائیلٹ کو زندہ جلا دیا ہے۔اردن کی حکومت نے اپنے لیفٹیننٹ پائیلٹ معاذ الکساسبہ کے اندوہناک قتل کی تصدیق کی ہے۔

اردن نے داعش کے ہاتھوں جاپانی صحافی کینجی گوٹو کے سفاکانہ قتل کے بعد اپنے پائیلٹ کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی تھیں لیکن وہ ثمربار نہیں ہوسکی ہیں۔اردن کی حکومت داعش کے مطالبے کے مطابق قیدیوں کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن اس کا کہنا تھا کہ اس کو پہلے معاذالکساسبہ کے زندہ ہونے کا ثبوت مہیّا کیا جائے۔

26 سالہ پائیلٹ معاذ الكساسبۃ کو داعش کے جنگجوؤں نے شام کے شمالی علاقے میں 24 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔داعش کے خلاف مشن کے دوران اردن کا ایک ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔داعش نے اس طیارے کو مارگرانے کا دعویٰ کیا تھا اور اس کے جنگجوؤں نے طیارے کے پائیلٹ کو زندہ حالت میں پکڑ لیا تھا۔اس کے والد نے داعش سے اپنے بیٹے کی جان بخشی کی اپیل کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ ان کے بیٹے کے ساتھ مہمان کا برتاؤ کریں۔

Jordanian Pilot

Jordanian Pilot

Jordanian Pilot

Jordanian Pilot