واشنگٹن (جیوڈیسک) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ شدت پسند داعش مغربی ممالک پر ڈرون کے ذریعے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرسکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والی عالمی جوہری کانفرنس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے مغربی ممالک کے سربراہان کو خبرادار کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسند تنظیم داعش ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے مغربی ممالک پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی دیکھ چکے ہیں کہ داعش ڈرون حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جب کہ اس مسئلے پر بات چیت کے لیے انہوں نے امریکا، فرانس اور چین کے سربراہان مملکت سے بھی ملاقاتیں کی جس میں اس طرح کے حملوں سے بچاؤ کے لیے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
دوسری جانب برطانوی اخبار کے مطابق دنیا بھر میں دہشت گرد تنظیمیں چھوٹے ڈرون طیارے خریدنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس کے ذریعے میٹروپولیٹن شہروں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کی موت ہوسکتی ہے جب کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے اس مسلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔