یویارک (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بعض ممالک اسلام کے نام پر کی جانے والی کارروائیوں سے دراصل مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بعض ممالک اسلام کا منفی تاثر ابھار کر مسلمانوں کو خوفزدہ کر رہے ہیں جس سے ان ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض ممالک نے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک، دشمنی اور تشدد کو مستقل اور جائز قرار دے دیا ہے، اسلام دشمنی کے شکار ان ممالک میں مسلمانوں کے خلاف ایک تصوراتی دیوار تعمیر کر دی ہے جس سے ان ملکوں میں رہنے والے مسلمانوں کے انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں اور ریاست اس پر آنکھیں بند کیے سب کچھ دیکھ رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2001 میں امریکا میں دہشت گرد حملے کے بعد اسلام کے نام پر کی جانے والی کارروائیوں سے مسلمانوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی مسلمانوں نے اقوام متحدہ کی ٹیم کو بتایا کہ بعض ممالک میں انہیں مشکوک کمیونٹیز کے طور پر دیکھا جاتا ہے، ایک چھوٹی سی جماعت کی کارروائیوں کو پوری مسلم امہ پر ڈال کر مسلمانوں سے نفرت کا پرچار کیا جا رہا ہے۔