کراچی (جیوڈیسک) ملکی زرمبادلہ زخائر میں اضافے کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک، پاکستان کو 15 اگست سے پہلے 33 کروڑ ڈالر سے زائد قرض ادا کردے گا وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان قرض کا معاہدہ ہوا تھا۔ معاہدے کے تحت پاکستان کو 75 کروڑ یورو یعنی تقریبا 1 ارب ڈالر کا قرض ملنا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تقریبا 33 کروڑ ڈالر سے زائد کی ابتدائی قسط 15 اگست سے پہلے مل جائے گی۔ اس کے علاوہ اگست میں ہی15 کروڑ ڈالر مالیت کی کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات بھی پاکستان کو ملنے کا امکان ہے۔