اسلامی تحریک پاکستان نے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف کل جماعتی سربراہی کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے اے این پی کے اس اقدام کو مستحسن قرار دیا ہے
Posted on February 10, 2013 By Noman Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد(جی پی آئی)اسلامی تحریک پاکستان نے عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف کل جماعتی سربراہی کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے اے این پی کے اس اقدام کو مستحسن قرار دیا ہے’ یہ دعوت عوامی نیشنل پارٹی کے ایک اعلی سطحی وفد جس کی قیادت اے این پی کے مرکزی رہنما اور سینٹ میں ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عبد النبی بنگش کررہے تھے’ نے اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران دی۔
اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ بھی موجود تھے۔ اے این پی کے رہنمائوں نے 14 فروری کو اسلام آباد میں منعقدہ دہشت گردی کے متعلق اس کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد ملک کی تمام سیاسی قیادت کو دہشت گردی کی روک تھام کے لئے ایک لائحہ عمل پر متحد و متفق کرنا ہے۔
اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اے این پی کے اس اقدام کو مثبت اور مستحسن قرار دیتے ہوئے کل جماعتی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کی جبکہ انہوں نے ملک میں جاری دہشت گردی کو ایک خاص ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاست کا فرض ہے کہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے بصورت دیگر ملک میں انارکی پھیلنے کے خطرے اور خدشات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔
اس موقع پر اے این پی کے رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورت حال اور ماضی میں انتخابات میں تحریک کے مثبت اور جاندار رول کو سراہتے ہوئے موجودہ صورتحال پر پر بھی اسلامی تحریک پاکستان کے رہنمائوں سے گفت و شنید کی جس میں نگران حکومت’ الیکشن کمیشن اورآئندہ عام انتخابات کے معاملات زیر بحث آئے اور مستقبل میں بھی سیاسی رابطوں کے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔