اسلام دشمن قوتیں حوثی باغیوں کے پشت پناہی کررہی ہیں، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: دفاع حرمین شریفین پاکستان کے سربراہ و مہتمم وشیخ الحدیث جامعہ بنوریہ عالمیہ مفتی محمد نعیم نے کہاکہ مقامات مقدسہ کی حفاظت عالم اسلام کی ذمہ داری ہے، حوثیوں کی بغاوت کوفرقہ وارانہ رنگ دینا درست نہیں ، سعودی عرب حرمین شریفین کا چوکیدار ہے ،متحد ہوکرسعودی حکومت کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑا ہونا عالم اسلام کی ذمہ داری ہے۔

حوثی باغیوں کو سعودی عرب کے خلاف بھڑکانے والے درحقیقت حرمین شریفین پر قابض ہونے کاخواب دیکھ رہے ہیں جواپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوںگے، حوثی دہشت گردوں کی حمایت میں ریلیاں نکالنے والوں کے خلاف قومی ایکشن پلان حرکت میں کیوں نہیں آرہا؟ ،بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہا عرب ممالک کو باہم لڑا کر ایک مخصوص ٹولے کو پوری دنیا میں مسلمانوں کے مقابلے میں لاکھڑا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

اور بیک ڈور اسرائیل ، امریکا اور دیگر اسلام دشمن ممالک یمن میں باغیوں کو ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرکے امت مسلمہ کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیل رہے ہیں ، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستانی قوم کا ساتھ دیا ہے اور سعودی عرب کے تعلقات پاکستان سے ہمیشہ سے خوشگوار اور برادرانہ رہے ہیں، دونوں ممالک کی قیادتوں میں ہمیشہ ہم آہنگی رہی ہے ، روز اول سے ایک دوسرے کی مشکل میں کام آتے رہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ پہلے حوثی قبائل کو امداد دیکر شام میں مسلمانوں کا قتل عام کرایا گیا اور اب یمن میں مداخلت کے ذریعے سے سعودی عرب میں انارکی پھیلاکر حرمین شریفین پر قبضے کی ناپاک کوششوں کے لئے جواز فراہم کیا جارہاہے ، ایسے میں پوری امت مسلمہ کومتحد ہوکر حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑ اہونے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ حوثی قبائل کے خلاف سعودی عرب کی کارروائی کا فیصلہ درست اقدام ہے،اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے والے حقائق سے بے خبرہیں، سعودی عرب کے خلاف کسی بھی جارحیت یا سازش کو عالم اسلام ہر گز برداشت نہیں کرسکتا،انہوںنے کہاکہ سرزمین عرب میں حوثی قبائل و دیگر دہشت گردوں کو منظم کرنے کا مقصد سرزمین حرمین کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہے لیکن امت امسلمہ بیدار ہے ،دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔انہوںنے کہاکہ پوری دنیا میںمسلمانوں کی حالت زار کے ذمہ داری مسلم حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے اپنے مفاد ات کی خاطر ہر دور میں مسلم امہ کے مفاد کو نظر انداز کیا جس کا خمیازہ آج پوری امت مسلمہ بھگت رہی ہے۔