اسلام میں امانتداری کا تصور

Infuence

Infuence

تحریر : ایم ۔ایس۔ نور
کسی کی کوئی چیز اپنی حفاظت میں رکھنا ، امانت کہلاتا ہے۔ یعنی کوئی شخص اپنی کوئی چیز کسی کی حفاظت میں رکھ دے تو رکھنے والے پر واجب ہے کہ اسکی اتنی حفاظت کرے جتنی کہ وہ اپنی کسی بھی چیز کی حفاظت کرتا ہے اور جب وہ شخص اپنی چیز واپس لینے کا مطالبہ کرے تو فوراََ اسے جوں کی توں واپس کردے۔ فرمانِ الٰہی کا مفہوم ہے کہ اللہ تم کو حکم دیتا ہے کہ امانتیں امانت والوں کو ٹھیک ٹھیک واپس کرو۔ اسکی آسان اور سادہ سی مثال یوں دی جاسکتی ہے کہ اگر کوئی شخص کسی کے پاس مال یا غلہ کی صورت میں امانت رکھوائے اور پھر جب وہ کچھ عرصہ کے بعد اپنی امانت طلب کرے تو اسکی امانت اسے فوری طور پر لوٹائی جائے۔ مثلاََ اس نے اگر 100روپے کا نوٹ امانت رکھوایا تھا تو اسے وہی نوٹ واپس کرنا ہوگا اور اگر امانت مال کی صورت میں ہو تو وہی مال واپس کرنا چاہیئے۔ اگر چیز بدل لی گئی یا بلا اجازت استعمال کرلی گئی تو اس میں سے امانتداری کا عنصر منہاء ہوجاتا ہے۔ اور اگر امانت رکھوانے والے شخص کو یہ کہہ کر واپس کردیا جائے کہ پھر کسی اور وقت آکر اپنی امانت وصول کرلینا، تو یہ بھی خلافِ امانت کہلائے گا۔

قارئین! امانت کا مخالف لفظ ‘خیانت’ ہے۔ اور جس کے پاس امانت رکھوائی جائے اسے امین کہتے ہیں۔ اسلام کی تعلیمات میں امانت میں خیانت کرنے والے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔اسلام کی تعلیم یہی ہے کہ جو چیز جس کی ہے، اسکو بالکل ویسے ہی اسکے مطالبے پر ادا کی جائے۔ قرآنِ کریم میں اللہ تبارک وتعالیٰ فرماتا ہے کہ ؛ترجمہ: ہم نے اپنی امانت آسمانوں اور زمین پر پہاڑوں پر پیش کی تھی انہوں نے اسے اٹھانے سے انکار کردیا اور اس سے ڈرے اور انسان نے اسے اٹھالیا، بلاشبہ وہ ظالم اور جاہل ہے۔ قرآنِ کریم ہمارے لئے راہِ ہدایت ہے۔ یہ مقدس کتاب اللہ تعالیٰ نے اپنی امانت کے طور پر انسانوں کے پاس رکھوائی ہے۔ اب ہم پر لازم ہے کہ ہم اسکی حفاظت کریں۔

قرآنِ پاک کی حفاظت سے مراد یہ نہیں کہ ہم اسے کسی اونچی جگہ پر چھپا کر رکھ دیں بلکہ اسے پڑھا جائے اور اللہ کے احکامات پر عمل کیا جائے ۔ اگر ہم ایسانہیں کرتے تو ہم نہ صرف ظالم اور جاہل کہلائیں گے، بلکہ خائن بھی ٹھہریں گے۔ قرآنِ کریم میں اللہ پاک نے جو احکامات فرمائے ہیں، وہ ہمیں ماننے ہونگے ، ان پر ایمان لانا ہوگا، تبھی ہم امانتدار کہلائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کی اس امانت کو لیکر جو فرشتہ اترا، اسکا نام جبرائیل تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اس فرشتے میں بھی امانت کی صفت رکھی۔ قرآنِ کریم میں اس فرشتے کو ‘روح الامین’ کہا گیا۔ قرآنِ پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ ” اس پیغام کو لیکر امانت والی روح اتری”۔

Trust

Trust

امانتداری کی یہی صفت اللہ تعالیٰ نے اپنے ہر پیغمبر میں بھی رکھی اور اسکا ذکر قرآنِ کریم میں اکثر مقامات پر موجود ہے۔ نبی پاک ۖکی حیاتِ طیبہ میں بھی امانتداری کی بیشمار مثالیں موجود ہیں۔ قریشِ مکہ نے اسلام قبول کرنے کی پاداش میں مسلمانوں کا جینا دوبھر کردیا تھا۔ ایسے حالات میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو ہجرت کا حکم دیا۔ مکہ میں موجود تمام مسلمان مدینہ کی جانب ہجرت کرچکے تھے اور آخر میں نبی پاک ۖکے ساتھ حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت علی رہ گئے۔ آنحضرت محمد ۖ نے آخری دن حضرت ابوبکر صدیق کو فرمایا کہ آج رات ہم دونوں بھی مدینہ کی جانب ہجرت کرجائیں گے اور حضرت علی سے فرمایا کہ آج رات آپ میرے بستر پر سو جائیں اور جن لوگوں کی امانتیں میرے پاس رکھی پڑی ہیں ، وہ میں آپ کے حوالے کرتا ہوں اور اگلی صبح آپ امانتیں لوٹا کر مدینہ کی جانب ہجرت کرلینا۔

قارئین! امانتداری کی ایسی مثالیں دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتیں۔ امانت سے متعلق اسلامی تعلیمات میں بیشمار مرتبہ تاکید کی گئی ہے۔ قرآنِ حکیم میں اللہ باری تعالیٰ کے فرمان کا ترجمہ ہے کہ’ اللہ تمہیں تاکیدی حکم دیتا ہے کہ امانت والوں کی امانتیں ان تک پہنچائو’۔اس آیتِ مبارکہ کا سببِ نزول اگرچہ خاص تھا مگر اسکا حکم عام تھااور اسکے مخاطب عوام اور حکام دونوں ہی تھے۔ فرمانِ الٰہی میں دونوں کو ہی تلقین کی گئی ہے کہ امانتیں انہیں پہنچائو جو اسکے اہل ہیں۔ اس میں ایک تو وہ امانتیں ہیں جو کسی نے کسی دوسرے کے پاس رکھوائی ہوں ان میں خیانت نہ کی جائے بلکہ بحفاظت لوٹائی جائیں ۔ دوسرا یہ کہ اس آیتِ مبارکہ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مناصب و عہدے بھی باصلاحیت و اہل لوگوں کو منتقل کیے جائیں۔

امانت کا دائرہء کار صرف روپے پیسے ، جائیداد و دیگر مادی اشیاء تک ہی محدود نہیں بلکہ ہر مالی ، قانونی و اخلاقی امانت تک وسیع ہے۔ اگر آپ پر کسی کا حق باقی ہے تو اسکو ادا کرنا بھی آپ کے ذمے امانت ہے اور اس سے بڑھ کر اگر کوئی شخص آپ کو اپنا راز بتاتا ہے تو اسے افشاء کرنا بھی خیانت کے ذمرے میں آتا ہے۔ اسلام امانت میں پابندی کی تعلیم دیتا ہے تاکہ اسلامی تشخص انسانی کردار میں نمایاں نظر آئے۔ احادیث ِ مبارکہ کے مطابق قیامت کی نشانیوں میں سب سے پہلے امت سے امانت کا جوہر جاتا رہے گااورسب سے آخر میں جو چیز رہ جائے گی، وہ نماز ہے۔ (ترمذی)۔

M.S.Noor

M.S.Noor

تحریر : ایم ۔ایس۔ نور

Read Quran

Read Quran