اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کی کوئی گنجائش نہیں، ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے ضروری قانون سازی کر رہے ہیں، کہتے ہیں خواتین کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی شرمین عبید چنائے ملک کا فخر ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے فلمساز شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم اے گرل ان دی ریور کو آسکر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کی کوئی گنجائش نہیں، غیرت کے نام پر قتل جیسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
حکومت اس سلسلے میں ضروری قانون سازی کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ شرمین عبید چنائے جیسی خواتین پاکستان کا فخر ہیں، شرمین عبید چنائے جیسی خواتین دنیا میں تہذیب کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی شرمین عبید چنائے کو دوسری بار آسکر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔