خلاف اسلام، مینارٹی پروٹیکشن قانون کو ختم کرا کے دم لیں گے، قاری محمد حنیف جالندھری

Islam

Islam

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن میں رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری قاری محمد حنیف جالندھری کی جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ملاقات۔

اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ایڈمنسٹریٹر مولانا غلام رسول ، مولانا فرحان نعیم ، مولانا سیف اللہ ربانی ودیگر علماء کرام بھی موجود تھے ، ملاقات میں دونوں شخصیات نے شریعت سے متصادم سندھ اسمبلی کے مینارٹی پروٹیکشن قانون ، وفاق المدارس العرابیہ کے نصاب اور صوبائی وفاتر کے قیام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ، مینارٹی پروٹیکشن بل کیخلاف وفاق المدارس کی ملک گیر تحریک چلانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل وفاق المدارس کو مفتی محمدنعیم نے سندھ کے دینی مدارس کے مسائل اور سندھ اسمبلی سے بنائے جانے والے قانون کو غیر آئینی غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکمران مذہبی طبقے کو دیوار سے لگانے میں مصروف ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے بانی کے بنائے آئین کو خود ہی روندھ رہی ہے ، گزشتہ روز کلچر ڈے کے موقع پر بے حیائی کو عام کرنے کی کوشش کی گئی دوسری جانب سند ھ میں ایک ایسا قانون بنایا گیاجس کااسلامی ملک یورپ میں بھی تصور نہیں ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ یہ قانون شریعت و آئین سے متصادم ہونے کے ساتھ بنیادی انسانی حقوق کیخلاف بھی ہے، مجھے افسوس ہے ان ارکان پر جنہوں نے اس ملک کے آئین کے تحت حلف اٹھاکر اسی آئین کوغیر آئینی قانونی سازی کے ذریعے روندھ ڈالا ہے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اسلام و آئین کیخلاف قانون سازی کرنے والے ارکان پرتاحیات پابندی لگائے۔

انہوں نے کہاکہ وفاق المدارس کی جانب سے جلد علماء کرام اور مذہبی طبقے سے ملاقاتیں کرکے اس معاملے پر پرزور احتجاج کی ضرورت ہے حکومت نہ پہلے مذہبی طبقے کی بات سنتی رہی ہے نہ اب سننا چاہتی ہے جس سے صاف واضح ہوتاہے کہ حکمران مذہبی طبقے کو سڑکوں آنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ جب سے یہ بل پیش ہوا مذہبی طبقہ سراپا احتجاج ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔ اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ کے جنرل سیکر ٹری قاری محمد حنیف جالندھری نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ وفاق المدارس انشاء اللہ اجلاسوں کے فیصلوں کے مطابق صوبائی سطح پر دفاتر قائم کررہاہے جس پر کام مکمل ہوچکاہے اورتعلیمی نصاب میں اہم تبدیلیوں کے حوالے سے بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے بنائے گئے غیر آئینی غیر شریعی قانون کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ،یہ ملک اسلام کے نام پر معارض وجود میں آیا ہے اسلام کیخلاف حکومت سندھ کے مینارٹی پروٹیکشن قانون کوختم کراکے دم لیں گے،علماء کرام سے مشاورت کررہے ہیں جلد اس قانون کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اسلامی ریاست میں قانون سازی کو اسلام کے مطابق بنائے اس کے قومی تشخص پامال نہ کیاجائے، اسلام اور شریعت کے متصادم کسی بھی قانون کو ہم قبول نہ پہلے کیا ہے اور نہ اب کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وفاق المدارس العربیہ ہر پلیٹ فارم سے اس بل کی مخالفت کرے گا اور اس بل کیخلاف بھرپور احتجاج کرتے ہیں ہم درخواست کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اس غیر آئینی غیر شریعی بل کو منظور کرنے والے ارکان کو نااہل قرار دے اور معاملے کو اسلامی نظریاتی کونسل یا شریعت کورٹ میں لیجایا جائے۔