اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پاک چین اقتصادی راہداری سیکریٹریٹ کا افتتاح کر دیا گیا، دونوں ممالک نے اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ریلوے لائن بچھانے، سڑکیں بنانے اور توانائی سمیت صنعتی زونز کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سیکریٹریٹ کا افتتاح وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور ان کے چینی ہم منصب مسٹر زینگ نے اسلام آباد میں کیا۔ اس سے پہلے پاک چین مشترکا کوآپریشن کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ احسن اقبال نے ذرائع کو بتایا کہ اجلاس میں چین نے پاکستان کی جانب سے ریلوے لائن بچھانے، سڑکوں کی تعمیر، توانائی اور صنعتی زونز کے قیام سے متعلق تمام تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔
ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مشترکا گروپ اور کمیٹیز بنائی جائیں گی جن کی تیار کردہ رپورٹس فنڈنگ کے لیے مالیاتی اداروں کو پیش کی جائیں گی۔ احسن اقبال نے بتایا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت آئل پائپ لائن اور ریفائنریز بھی قائم کی جائیں گی جب کہ چین نے پاکستان کے ریلوے نظام کی بہتری کے لیے بھی مدد دینے کا وعدہ کیا ہے ، اقتصادی راہداری منصوبے پر اگلا اجلاس جلد بیجنگ میں ہو گا۔