اسلام آباد (جیوڈیسک) یورپی یونین اور مشرقی ایشیا کی معاشی ترقی میں علاقائی تجارت نے اہم کردار ادا کیا۔ اسلام آباد میں پاک بھارت آزادانہ تجارت کے ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری تجارت کا کہناتھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی کوششیں1998 میں شروع ہوئیں تاہم ان میں تیزی 2011 کے بعد آئی جب دونوں اطراف سے منفی فہرست کے خاتمے پر بات چیت ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تجارت کو فروغ دیکر خطے میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سابق سفیر ڈبلیو ٹی او منظور احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کے فروغ سے پاکستان کی معاشی ترقی میں 1.5 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ واہگہ کے راستے گزشتہ کچھ برسوں میں تجارت میں پندرہ ارب کا اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تجارت کو فروغ دینے سے ایک لاکھ انہتر ہزار افراد کو روزگار کے مواقع مل سکتے ہیں۔