شبقدر (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دنیا پر واضح ہوگیا ہے کہ ملک میں ہونے والے دھماکوں کے پیچھے کون سی طاقتیں ہیں جو اسلام کے نام پر حملے کرنے والی کٹھ پتلیوں کی ڈوریں ہلا رہی ہیں۔
شب قدر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ صرف پاکستانی نہیں بلکہ مسلمان بھی ہیں، آپ کا مقابلہ ان لوگوں سے ہیں جو اسلام کا نام استعمال کررہے ہیں، اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے لیکن کچھ لوگ اسلام کا نام تشدد کے حوالے سے استعمال کررہے ہیں۔
اسلام کا نام لے کر بچوں، عورتوں، بزرگوں پر حملہ کرنے والے اسلام سے ناواقف ہیں۔ اسلام میں تو غیر مسلموں کی عبادت گاہوں پر حملے کی بھی اجازت نہیں لیکن یہ کیسے لوگ ہیں جواپنی ہی مساجد اور جنازہ گاہوں پر حملے کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی ہر قیمت پر حفاظت سیکیورٹی فورس کی ذمہ داری ہے، ہم اپنی مساجد، اسکولوں اور بازاروں کو پر امن کرنا چاہتے ہیں، سیکیورٹی فورسز کو اسلام کا چہرہ بگاڑنے والوں کو زور بازو سے روکنا ہے۔ موجودہ کمانڈنٹ کی سربراہی میں کوشش کی جائے گی کہ ایف سی کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے سر فخر سے مزید بلند ہوں، ہمیں مشکلات اور مسائل کا اندازہ ہے اور حکومت تمام مسائل کو حل کرے گی، ایف سی کو فوج سے مزید تربیت دلوائی جائے گی تاکہ ان کا معیاراور بہتر ہو۔
چوہدری نثار نے کہا کہ جب ان کی حکومت قائم ہوئی تو ملک میں ہر جانب دھماکے ہورہے تھے، پاک فوج کی کوششوں سے ملک میں قیام امن میں بہتری آئی ہے، وہ فوج سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں مگر اب تک دشمن ختم نہیں ہوئے۔ ملک میں بم دھماکے کرنے والے تو کٹھ پتلیاں ہیں، ہمارے ازلی دشمن ملک کے وزیر دفاع کا اعلان آنکھیں کھولنے کےلیے کافی ہے، اب دنیا پر واضح ہوگیا ہے کہ ملک میں ہونے والے دھماکوں کے پیچھے کون سی طاقتیں ہیں جو کٹھ پتلیوں کی ڈوریں ہلا رہی ہیں۔
یہ وہی ممالک ہیں جو پاکستان کو پھلتا پھوتا نہیں دیکھنا چاہتے، آج دشمن ہماری جانب میلی نظر سے نہیں دیکھ سکتے اس لئے وہ اپنی کٹھ پتلیوں کے ذریعے ہم پر وار کرتے ہیں، وہ ان ممالک اور دنیا کو کہتے ہیں کہ اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا جو متحد ہو، ہم حق کے راستے پر ہیں، ملک کے اندر اور باہر کے دشمنوں کو شکست ہوگی۔ دنیا ہمیں اس جنگ میں کامیاب ہوتا دیکھے گی۔